بدھ 23 ستمبر 2026 - 11:00
حوزہ علمیہ اور مدارسِ دینیہ عصرِ حاضر میں حق و باطل کی جنگ میں اہلِ حق کی رہنمائی اور قیادت کر رہے ہیں: علامہ مقصود علی ڈومکی

حوزہ/ ایم ڈبلیو ایم کے سینئر رہنما نے قم المقدسہ میں طلاب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی مثال اس شمع کی مانند ہے جو خود جل کر محفلِ انسانیت کو منور کرتی ہے، ظلمت و تاریکی میں شہداء نور کی شمع بن کر چمکتے رہتے ہیں، حوزۂ علمیہ اور مدارسِ دینیہ عصرِ حاضر میں حق و باطل کی جنگ میں اہلِ حق کی رہنمائی اور قیادت کر رہے ہیں۔ علمائے کرام جہاد تبیین پر توجہ دیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلسِ وحدت مسلمین پاکستان سندھ کے صوبائی صدر علامہ مقصود علی ڈومکی نے صاحب الامر فاؤنڈیشن قم کے زیر اہتمام مجلسِ عزا سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہداء کی مثال اس شمع کی مانند ہے جو خود جل کر محفلِ انسانی کو منور کرتی ہے۔ ظلمت و تاریکی کے اس دور میں شہداء نور کی شمع بن کر ہماری رہنمائی کر رہے ہیں۔ شہداء کی قربانیاں محض تاریخ کا ایک باب نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے ایمان، حریت، مزاحمت اور استقامت کا روشن درس ہیں۔

حوزہ علمیہ اور مدارسِ دینیہ عصرِ حاضر میں حق و باطل کی جنگ میں اہلِ حق کی رہنمائی اور قیادت کر رہے ہیں:علامہ مقصود علی ڈومکی

انہوں نے کہا کہ چھلگری ضلع بولان کے نو محرم 2015ء کے شہداء نے حق و حسینیت کی راہ میں اپنے لہو کا نذرانہ پیش کیا۔ ان عظیم شہداء نے اپنے خون سے وفاداری، شجاعت اور استقامت کی تاریخ رقم کی۔ ہم شہداء کے وارث ہیں اور ان کے مقدس مشن کو پایۂ تکمیل تک پہنچانے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ آج کے دور میں حوزہ ہائے علمیہ اور مدارسِ دینیہ حق و باطل کی اس معرکہ آرائی میں اہلِ حق کی فکری، دینی اور اخلاقی رہنمائی کا فریضہ انجام دے رہے ہیں۔ حوزہ علمیہ نے ایسے عظیم کرداروں کی تربیت کی جنہوں نے اپنے علم و عمل، تقویٰ، شجاعت اور استقامت سے دنیا کو متاثر کیا۔

حوزہ علمیہ اور مدارسِ دینیہ عصرِ حاضر میں حق و باطل کی جنگ میں اہلِ حق کی رہنمائی اور قیادت کر رہے ہیں:علامہ مقصود علی ڈومکی

انہوں نے کہا کہ امام خمینی، شہید علامہ عارف حسین الحسینی، شہید آیت اللہ سید محمد باقر الصدر، شہید باقر النمر، شہید سید حسن نصراللہ اور رہبر شہید اسی دینی و علمی مکتب کی تربیت یافتہ شخصیات ہیں، جن کے عظیم کردار اور خدمات کے معترف اپنے بھی ہیں اور پرائے بھی۔ ان شخصیات نے ثابت کیا کہ علم اگر ایمان، تقویٰ اور بصیرت کے ساتھ جڑ جائے تو وہ ظلم کے مقابلے میں ایک ناقابلِ شکست قوت بن جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یمن کے غیرت مند مسلمانوں نے مشکل ترین حالات میں جس صبر، استقامت اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا ہے، اس نے دنیا کو ورطۂ حیرت میں ڈال دیا ہے۔ محدود وسائل اور شدید مشکلات کے باوجود یمنی عوام نے اپنی خودمختاری، عزت اور اپنے اصولی مؤقف کے دفاع میں استقامت کا مظاہرہ کیا ہے۔

حوزہ علمیہ اور مدارسِ دینیہ عصرِ حاضر میں حق و باطل کی جنگ میں اہلِ حق کی رہنمائی اور قیادت کر رہے ہیں:علامہ مقصود علی ڈومکی

علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ امریکہ، اسرائیل اور ان کے اتحادی آج بھی فرقہ وارانہ نفرتوں کو ہوا دے کر امتِ مسلمہ کو باہم دست و گریباں دیکھنا چاہتے ہیں۔ امت کے درمیان مذہبی، مسلکی اور قومی اختلافات کو دشمنی میں تبدیل کرنا مسلم دنیا کے مفادات کے خلاف ہے۔ ہمیں دشمن کی سازشوں کو سمجھتے ہوئے اتحاد، بصیرت اور باہمی احترام کو فروغ دینا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ شہداء کا پیغام کسی ایک جماعت، علاقے یا مسلک تک محدود نہیں بلکہ ظلم کے خلاف قیام، مظلوم کی حمایت، حق کی سربلندی اور انسانی عزت و آزادی کا پیغام ہے۔ ہم شہداء کو صرف یاد نہیں کرتے بلکہ ان کے افکار، کردار اور مشن کو اپنی عملی زندگی میں جاری رکھنے کا عہد کرتے ہیں۔

حوزہ علمیہ اور مدارسِ دینیہ عصرِ حاضر میں حق و باطل کی جنگ میں اہلِ حق کی رہنمائی اور قیادت کر رہے ہیں:علامہ مقصود علی ڈومکی

علامہ مقصود علی ڈومکی نے قم المقدس میں فاطمیہ فاؤنڈیشن سے وابستہ علماء کرام سے ملاقات کی۔ انہوں نے مولانا سید یاسین شاہ نقوی مولانا محمد ایوب کھوسہ مولانا آفتاب علی اتحادی و دیگر علماء کرام اور طلباء سے ملاقاتیں کیں۔ اور ان سے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha